اسلام آباد (جیوڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ان کا نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پرتپاک استقبال کیا،ایئرپورٹ پر انہیں پھول پیش کیے گئے جبکہ پاک فوج کے مسلح دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وفاقی وزراء اور اعلیٰ عہدے دار اس موقع پر ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
ترک صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور دیگر ترک حکام بھی ہیں، ان کا خصوصی طیارہ جیسے ہی پاکستانی حدود میں داخل ہوا انہیں پاک فوج کے ایف 16 طیاروں نے اپنے حفاظتی حصار میں لے لیا۔
ترک صدر، صدر مملکت ممنون حسین کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر تشریف لائے ہیں اور آج رات صدر مملکت کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے ۔
کل صبح وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے اور دوپہر میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، جس کے بعد یہ لاہور روانہ ہوجائیں گے جہاں کل شب وہ شاہی قلعے میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے، جس کے بعد وہ اپنے دورے کو مکمل کرکے وطن واپس لوٹ جائیں گے۔
ترک صدر رجب طیب ارددوان تیسری مرتبہ پاکستان کی مشترکہ پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے، ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد یہ ترک صدر کا پہلا دورہ ہے جسے کافی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔