صدر زرداری نے 1973 ء کے آئین کی مکمل بحالی میں جو کردار ادا کیا وہ لائق تحسین ہے،رکن صوبائی اسمبلی مسلم لیگ (ن)

راولپنڈی : پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے سبکدوش ہونے والے صدر آصف علی زرداری کو باوقار انداز سے رخصت کرکے صحیح جمہوری اقدار کو پروان چڑھایا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صدر مملکت اپنی مدت پوری کرکے باعزت طریقے سے رخصت ہو رہے ہیں. اس حوالے سے مسلم لیگ ن کو تنقید کا ہدف بنانے والے بھول جاتے ہیں کہ اس وقت ملک کو مکمل سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔

اس ضرورت کے تحت مسلم لیگ ن کی حکومت نے آصف علی زرداری کو باعزت اور باوقار طریقے سے رخصت کرکے اس ملکی ضرورت کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی اختلافات کا یہ مطلب نہیں کہ مخالف سیاسی راہنمائوں کے اچھے کاموں پر بھی تنقید کی جائے۔ صدر زرداری نے 1973 ء کے آئین کی مکمل بحالی میں جو کردار ادا کیا وہ لائق تحسین ہے۔

انہو ںنے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک میں صحیح جمہوری روایات کو مضبوط و مستحکم کرکے عوام کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالے گی مگر اس کیلئے تھوڑا وقت درکار ہے۔ برسوں کے مسائل چند دنوں میں حل نہیں ہو سکتے۔

عوام کو ہماری چند روزہ کاوشوں کو نہیں بلکہ ہمارے ارادوں اور نیت کو دیکھنا چائییے۔ انہو ںنے کہا کہ ملک کو اس وقت چاروں جانب سے بہت سارے مسائل کا سامنا ہے اور ان مسائل سے نبر د آزما ہونے کیلئے ہمیں سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ عوام کے تدبر ، حوصلے اور مدد و راہنمائی کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ ن مسائل کے حل کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے ان کے دور رس نتائج آنے والے ماہ و سال میں عوام کے سامنے آ جائیں گے۔