اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد صدارتی انتخاب کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ الیکشن کمیشن آج قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا کنٹرول سنبھال لے گا۔ ممنون حسین اور وجہیہ الدین کے درمیان کل مقابلہ ہو گا۔ پیپلز پارٹی، اے این پی اور ق لیگ صدارتی انتخاب میں حصہ نہیں لے گی۔ نتیجہ کل ہی جاری کر دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کے لئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ڈیڑھ ہزار بیلٹ پیپرز پارلیمنٹ اور چاروں صوبوں کو پہنچانے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے 1123 ووٹوں پر مشتمل انتخابی فہرستیں تیار کر لی گئی ہے۔ صدارتی انتخاب کے لئے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک جاری رہیگی۔ چیف الیکشن کمیشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم ریٹرننگ افسر ہوں گے۔
پارلیمنٹ میں اسلام آباد ہائی کورٹ جبکہ چاروں صوبوں میں متعلقہ صوبے کے ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پریزائیڈنگ افسر کا کردار ادا کریں گے۔ پرائزیڈنگ افسر ووٹنگ کے لئے پہلے سینیٹرز کے نام پکاریں گے پھر ارکان قومی اسمبلی کو رائے شماری میں حصہ لینے کے لئے بلایا جائیگا۔ صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے لئے قومی شناختی کارڈ لازمی قرار دیدیا گیا۔ ووٹرز مخصوص پینسل سے متعلقہ امیدوار کے سامنے کراس کا نشان لگائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے خفیہ رائے دہی یقینی بنانے کے لیے صدارتی انتخاب میں پولنگ بوتھ میں موبائل لے جانے پر پابندی کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا ہے۔