اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد صدارتی الیکشن کیلئے شیڈول تیار کر لیا گیا، انتخاب 6 اگست کو ہوگا، چیف الیکشن کمشنر نے منظوری دے دی۔ الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کا شیڈول تیار کر لیا ہے جس کے مطابق کاغذات نامزدگی چوبیس جولائی کو وصول کئے جائیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 26 جولائی کو ہوگا اور 29 جولائی کو کاغذات واپس لئے جاسکیں گے۔ شیڈول کے مطابق صدارتی الیکشن 6 اگست کو ہوگا اور نتیجہ 7 اگست کو جاری کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ کو خط لکھ دیا ہے جس میں اسمبلیوں اور سینیٹ کے ارکان کی حروف تہجی کے ساتھ فہرست طلب کی گئی ہے جو صدارتی الیکشن میں ووٹرز ہیں۔ صدارتی الیکشن کے سلسلے میں نامزدگی فارم کی پرنٹنگ بھی مکمل کرلی گئی ہے۔
جس کے مطابق صدارتی امیدوار کیلئے پاکستانی ووٹر ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ امیدوار کو اپنا رجسٹرڈ ووٹر نمبر فارم میں درج کرنا ہو گا۔ صدارتی الیکشن کے امیدوار کیلئے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کی تفصیلات طلب بھی کی گئی ہیں۔ تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کیلئے سینیٹ یا اسمبلی کا رکن ہونا لازمی ہے۔ فارم دو صفحات پر مشتمل ہے۔