اسلام آباد (جیوڈیسک) صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست آج جاری کی جائے گی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار ممنون حسین اور تحریک انصاف کے جسٹس (ر)وجیہہ الدین کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو گا، انتخابی شیڈول میں تبدیلی پر پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔ صدارتی الیکشن کے لئے اہل امیدواروں کے نام بیلٹ پیپر پر چھپوانے کے لئے بھجوا دیئے جائیں گے۔
جمعے کو صرف تیرہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے جبکہ انیس کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار رضا ربانی کے کاغذات نامزدگی واپس لئے جانے کی بنیاد پر مسترد کر دیئے گئے۔ دریں اثنا پیپلزپارٹی نے ملک میں موجود ارکان اسمبلی کو بھر پور انداز سے اجلاس میں شرکت کی ہدایت کر دی۔
پیپلزپارٹی انتیس اگست کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں احتجاج بلند کرے گی، پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر مخدوم امین فہیم کا کہنا ہے کہ صدارتی الیکشن کوئی بچوں کا کھیل نہیں کہ ایک حکومتی سینیٹر کی درخواست پر اس کا شیڈول اچانک تبدیل کر دیا جائے، پیپلزپارٹی کی جانب سے بائیکاٹ کا فیصلہ بالکل درست ہے۔