اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کےسربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ نیب سمیت کسی کا باپ بھی ان کا احتساب نہیں کر سکتا۔
جیونیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد آکر بیٹھیں گے اور وہاں دھرنا ہوگا، ایسا نہیں کہ آئے اور چلے جائیں گے، ہم بھرپورمظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ سمیت سب اپوزیشن جماعتیں دھرنے پرمتفق ہیں، دھرنے کے بعد آئندہ کے اقدامات کی حکمت عملی بنائیں گے۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ نیب سمیت کسی کا باپ بھی میرا احتساب نہیں کر سکتا، سن 88 سے پارلیمنٹ میں ہوں، آج تک اسلام آباد میں ایک جھونپڑی بھی نہیں بنا سکا۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ہم اداروں کے لیے ہمیشہ ڈھال بنے ہیں، ہمیں ضرورت نہیں کہ کسی سے خفیہ مذاکرات کریں، میری یا پی ڈی ایم کی کسی سے خفیہ بات چیت نہیں ہو رہی۔