وڈھ : چیئرمین میونسپل کمیٹی وڈھ میر امام بخش مینگل نے کہا کہ پریس کلب ایک قومی ادارہ ہے پریس کلب کے ساتھ ہم سب سمیت تمام لوگوں کو مل کر تعاون کرنا چاہئے، وڈھ پریس کلب کے صحافیوں نے جن نامسائد حالات اور مشکلات میں علاقائی معاملات اور مسائل کو سامنے لانے کی کوشش کی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔
صحافیوں کو چاہئے کہ وہ معاملات کو غیر جانبداراورحقیقی انداز میں اجاگر کرنے کی کوشش کریں تاکہ علاقے کا ایک بہترین تصویر سامنے آسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزوڈھ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا۔
اس موقع پر بی این پی وڈھ کے صدر مجاہد عمرانی سمیت دیگر پارٹی رہنما موجودتھے۔میر امام بخش مینگل نے کہا کہ پریس کلب کے ساتھ اس سے قبل ہم نے ہر ممکن مالی اور اخلاقی تعاون کیا ہے اور آئندہ اپنے بساط کے مطابق اس قومی ادارہ کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ یہ ایک فرد کا نہیں بلکہ پورے علاقے کیلئے ایک گھنے درخت کے سائے کی حیثیت رکھتی ہے۔
ہم سب کو اس سائے کو آباد کرنا چاہئے مسائل مشکلات اور مصائب پیش آتے رہتے ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا بھی ہوتا ہے۔
وڈھ پریس کلب کے صحافیوں نے چیئر مین میر امام بخش مینگل کی طرف سے وڈھ پریس کلب کا دورہ کرنے اور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔