ہمیں دبانے اور ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ہم مسیحی عوام کی آواز بلند کرنے سے باز آجائیں۔ پی سی این پی

Lahore

Lahore

لاہور (سٹاف رپورٹ) ہم نے پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتوں سمیت معاشرے کے استحصال زدہ اور محرومیوں کے شکار طبقات کے حقوق کی آواز بلند کی ہے۔ہر مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے ہوکر پاکستان کے استحکام ،وقار اور سلامتی کی بات کی ہے ۔ اسی وجہ سے حکومت اس موثر آواز کو دبانے کی کوشش کرتی ہے۔پاکستان کرسچن نیشنل پارٹی (پی سی این پی)کے میڈیاسیل سے جاری ہونے والے ہنگامی بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہم نے ہر فورم میں پاکستان اور پاکستان سے باہریہ بات برملا کہی ہے کہ ہماری شناخت پاکستان ہے،

ہمارا جینامرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور اسی باعث متعدد دبائو،مسائل اور تکالیف کے باوجود ہم نے پاکستان میں تعلیم،صحت،سماجی ترقی ودیگر شعبوں میں بلارنگ ونسل ومذہب خدمات سرانجام دی ہیں۔ہم نے سانحہ یوحناآباد(کرائسٹ چرچ اور سینٹ جانز کیتھولک چرچ میں دوخودکش دھماکوں)کے تمام حقائق وواقعات وموجودہ صورتحال کو پیش کیا ہے۔ دہشت گردی کے ساتھ ساتھ دوافراد کے جلائے جانے کے واقعہ کی بھی مذمت کی ہے۔پاکستان کرسچن نیشنل پارٹی کے چیئرمین ایم اے جوزف فرانسیس زخمی ہوکر خودہسپتال میں زیرعلاج رہے۔

ان کی ساری ٹیم نے ہرممکن امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ لوگوں کو بلاجوازگرفتار کرنے کے بعد لواحقین کے سامنے لانے کے لئے آئینی رٹ پٹیشن بھی دائر کی جس کے مطابق ہم کسی کے خلاف نہیں بلکہ انصاف چاہتے ہیں۔اب حکومت میں موجود چند عناصر ہمیں دبانے،ہراساں اور پریشان کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ ہم مسیحی عوام کی آواز بلند کرنے سے بازآجائیں۔

ہم عالمی وقومی اداروں، سول سوسائٹی اور دردمند حلقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ حکومت کوبے بنیاد اورطاقت کے غلط استعمال سے روکنے کے لئے اپنا تعمیری ومثبت کردار اداکریں۔ہم یہ بھی واضح کرناچاہتے ہیں کہ ہم نے ہمیشہ جمہوری روایات وقومی اقدار کے فروغ کے لئے سیاست کی ہے۔لوگوں کو گمراہ کرنے ،اکسانے اور نفرت انگیز سیاسی کلچر کی ہم نے ہرفورم میں نفی کی ہے اور نہ ہی پاکستان کرسچن نیشنل پارٹی غیراخلاقی،غیرسیاسی وغیرقانونی سرگرمیوں کی حامی ہے۔