اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جتنا بھی دباؤ ہو پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات تبدیل نہیں ہوں گے۔
چینی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے چند برسوں میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا جو بڑی کامیابی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چینی صدر کی کرپشن کے خلاف جنگ سے پاکستانی متاثر ہیں، پاکستان میں صدر شی جن پنگ کو جدید دور کا عظیم سیاستدان سمجھا جاتا ہے، صدر شی جن پنگ کی انسداد بدعنوانی مہم مؤثر اور کامیاب ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ انڈیا چین سے تجارت سے بہت فوائد اٹھا سکتا ہے جبکہ چین کے ساتھ بیلنس کا کردار ادا کر کے انڈیا کو نقصان ہو گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا کی سربراہی میں مغربی دنیا اور چین کے درمیان معاشی دشمنی شروع ہو گئی ہے، دنیا کو حصوں میں تقسیم کرنا تباہ کن ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکا پاکستان سے کسی ایک ملک کے انتخاب کی امید کرتا ہے، یہ مناسب نہیں ہے۔