اسلام آباد (جیوڈیسک) گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی مجموعی ٹیکس آمدنی کا 31 فیصد آئل اور گیس سیکٹر سے حاصل کیا گیا۔ اکاونٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت کو آئل اور گیس پر لگنے والے مختلف ٹیکسز کی مد میں 595 ارب روپے کی آمدنی ہوئی جبکہ اس سال مجموعی ٹیکس آمدنی 1 ہزار 936 ارب روپے رہی۔
اس طرح مالی سال 2012-13 کے دوران مجموعی ٹیکس آمدنی کا 31 فیصد آئل اور گیس سیکٹر سے حاصل کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر تقریبا 240 ارب روپے سیلز ٹیکس کی مد میں حاصل ہوئے جبکہ نیچرل گیس کی فروخت پر سیلز ٹیکس کی مد میں 75 ارب روپے کی آمدن ہوئی۔