رسالپور (جیوڈیسک) پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ ہمار فضائیہ نے ماضی میں ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کیا،مستقبل کیلئے بھی تیار ہیں، آپریشن ضرب عضب میں ائرفورس نے پاک فوج کے ہمراہ اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔
پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میںپاک فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب میں ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ ترکی کا ٹی 37 طیارے دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، یقین ہے کہ ترکی اور پاکستان میں دفاعی شعبے میں تعاون جاری رہے گا۔
ائر چیف مارشل نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں، مشترکہ مشقوں کا تواتر سے انعقاد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلق کا مظہر ہے۔
کمانڈر ترک فضائیہ جنرل عابدین اونال نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے باہمی تعلقات حکومتوں تک محدود نہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دو معاشروں کے باہمی اشتراک پر مبنی ہیں،ترک اور پاک فضائیہ کا آپریشنز اور تربیتی شعبوں میں تعاون جاری ہے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ قومی سلامتی کے اہداف حاصل کرنے میں پاک فضائیہ کا کردار قابل تحسین ہے،امید ہے کہ آنے والے وقتوں میں دونوں فضائی افواج کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
تقریب میں 135 ویں جی ڈی پی، 80 اور 81 ویں انجنیئرنگ کورسز کے گریجویٹ پاس آؤٹ ہوئے۔ پاس آئوٹ ہونے والے 164کیڈٹس میں 12خواتین آفیسرز بھی شامل ہیں۔
ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل عابدین اونال نے پریڈ کا معائنہ کیا، پاک فضائیہ کے شیر دل اسکواڈرن نے شاندار فضائی کرتب کا مظاہرہ بھی کیا۔