اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ماضی کی بری حکمرانی کی وجہ سے پاکستان دنیا میں پیچھے رہ گیا، موجودہ حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔
صدر مملکت نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس سے صدارتی خطاب میں کہا کہ ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہے، مسائل کے حل کیلئے قوم یکسو ہوجائے، توقع ہے ہم پاکستان کے بارے میں غلط تاثرات دور کرنے میں جلد کامیاب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کی مدد اور ان کی بحالی وقت کا اہم تقاضہ ہے، اس حوالے سے ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی طبی امداد قابل قدر ہیں، ہمیں اس سلسلے میں چین، ترکی اور سعودی عرب جیسے مخلص دوستوں کی امداد سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ پولیو کے مسئلے کا ذمہ دار پاکستان نہیں، دوسرے ممالک کی مسلط کردہ جنگیں ہیں، پولیو کی وجہ سے پاکستان پر عائد پابندیاں جلد ختم کروائی جائیں گی۔