لاہور (جیوڈیسک) ایوان اقبال لاہور میں یوم پاکستان کے سلسلے میں سجی تقریب میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے حاضرین سے دل کی خوب باتیں کیں۔ بولے، تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک میں پاکستان واحد ایٹمی طاقت ہے لیکن بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہم اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی روح کو تسکین تب ملے گی جب ہم سب کو سماجی، معاشی اور معاشرتی انصاف مہیا کریں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جو قومیں ہم سے پیچھے تھیں، آج آگے نکل گئی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ اگر میرے دور میں کرپشن ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئی امید اور نئے جذبے کے ساتھ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔