وڈھ (خان محمد صابر مینگل) پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین و اسسٹنٹ کمشنر وڈھ عبدالقدوس اچکزئی نے گزشتہ روز وڈھ بازار کا اچانک خفیہ دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے مختلف دکانداروں، سبزی فروشوں اور قصابوں کو سرکاری نرخ نامہ دکانوں میں آویزاں نہ کرنے اور گرانفروشی کرنے پر ہزاروں روپے نقد جرمانہ کرنے اورسرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کو جیل بھیجنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں لوگوں کے ساتھ ظلم کرنے والوں کو کبھی نہیں بخشا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے بازار میں سرکاری نرخ نامہ جاری گیا ہے اور تمام تاجر سرکاری نرخ نامہ کے پابند ہیں اگر کسی دکاندار نے خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی جس کے تحت انہیں جیل اور بھاری جرمانہ بھی عائد ہوسکتی ہے اس جرم کی پاداش میں مذکورہ دکاندار کو جیل کی ہوا کھانی پڑیگی۔
پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بازار میں ایک خفیہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو کہ بازار کے اندار گرانفروشوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کے خلا ف روزانہ رپورٹ بھیجے گی ، اور میں کسی بھی وقت اچانک وڈ ھ مارکیٹ کا دورہ کرونگا اور از خود تمام بازار کو پھر سے چیک کرونگا اگر کسی بھی طریقے سے ہمیں کوئی شکایت موصول ہوئی اور کوئی گرانفروشی کرتے پائے گئے تو ہم اس کو ڈائریکٹ جیل بھیج دیں گے اس کے علاوہ انہوں نے سبزی منڈ ی میں گلے سڑے فروٹ ، کجھور اور سبزیوں کو بازار سے باہر کچرا کنڈی میں پھینکنے کی ہدایت کردی تاکہ شہر گندگی سے صاف رہ سکے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ریٹ لسٹ آویزان نہ کرنے اور گرانفروشی کرنے پر تاجروں کو جیل بھیج دینگے تاجر برادری کم از کم مقدس مہینے کا خیال رکھیں اور ہم مسلمان ہوتے ہوئے بھی اپنے مسلمان بھائیوں پر رحم کریں اور گرانفروشی سے گریز کریں انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے حوالے سے جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس کمیٹی کی پوری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ روزانہ مارکیٹ کا دورہ کرکے گرانفروشوں پر کڑی نظررکھیں تاکہ رمضان کے مہینے میں غریب لوگوں کو کم از کم سستا ساما ن مل سکے انہوں نے کہا کہ وہ خود وڈھ بازار کا دورہ کر کے ناجائز منافع خور دکانداروں کے خلاف کاروائی کریںگے ۔ عوامی حلقوں کی جانب سے پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئر مین کی جانب سے وڈھ بازار کا دورہ کرنے اور منافع خوروں کے خلاف کاروائی کرنے کا خیر مقدم کیا۔