جھنگ:28اگست (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ کی ہدایت پرغیر معیاری اور مضر صحت کھانا فروخت کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف کریک ڈائون میں اسسٹنٹ کمشنر عمران عصمت پنوں نے شہر کے معروف ریسٹورنٹ پر اچانک چھاپے مار کر ہوٹلوں کو سیل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزاے سی عمران عصمت پنوںنے محکمہ صحت کے عملہ اور پولیس پارٹی کے ہمراہ جگر ریسٹورنٹ ، ابراہیم ریسٹورنٹ،کمز ریسٹورنٹ،الجنت فاسٹ فوڈپوائنٹ،فوڈ فیسٹول،مدنی ڈیرہ اور صادق ڈیرہ پر اچانک چھاپے مارے جہاں پر گاہکوں کو فراہم کئے جانے والا کھانا،کھانے کی تیاری کا میٹریل ،گوشت ،مصالحہ جات کو چیک کیا جو غیر معیار ی اور مضرصحت پائے گئے۔ مزید برآں یہ ریسٹورنٹ حفظان صحت کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس پر مذکورہ ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا۔اس ضمن میں ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر جاری اس آپریشن کو اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے ریسٹورنٹ ،فوڈ پوائنٹس حفظان صحت کے معیار کو نہیں اپناتے۔انہوںنے مہم میں مشغول ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں کسی دبائو کو خاطر میں نہ لایا جائے اور دیانت کے ساتھ کم عرصہ میں سو فیصد نتائج حاصل کئے جائیں او عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کو کیفردار تک پہنچایا جائے کیونکہ یہ ہمارا قانونی ،مذہبی اور انسانی فریضہ ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ کی ہدایت پر عطائی ڈاکٹرز،جعلی غیر معیاری اور زائد المعیاد ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف جاری مہم میں ڈرگ انسپکٹر عمر حیات نے فاطمہ فرسٹ ایڈمیڈیسن سٹور پر اچانک چھاپہ مارا جس کو ایک عطائی ڈاکٹرچلا رہا تھا اسکا چالان کیا گیا۔تما ایلو پیتھک ادویات سسٹم کے تحت قبضہ میں لی گئیں تاہم عطائی ڈاکٹر غلام رضا نے موقف اختیار کیا کہ اس سنٹر کو ڈاکٹر منظور حسین سینئر میڈکل آفیسر چلا رہے ہیں۔اس ضمن میں محکمہ ہیلتھ حکام نے ڈاکٹر منظور حسین ایس ایم او روڈو سلطان کو ہدایت کی ہے کہ اس بابت انکوائری کر کے رپورٹ پیش کریں۔ڈی سی او نادر چٹھہ نے ہدایت کی ہے کہ مذکورہ عطائی کے خلاف انکوائری پر موقف غلط ثابت ہونے کی صورت میں ایف آئی آر کا اندراج کرائیں۔دریں اثناء ڈرگ کنٹرولر جھنگ نے آہیر میڈیکل سٹور اٹھارہ ہزاری کی انسپکشن کی اور ادویات غیر معیاری ہونے کی شک کی بنیاد پر نمونہ جات لئے گئے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چنیوٹ اوسادات رسول سول جج بھوانہ نے ڈسٹرکٹ جیل جھنگ کا دورہ کیااس دوران جیل سپرنٹنڈنٹ چوہدری الیاس احمداور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل جاوید رشید بھی تھے۔انہوںنے مختلف بیرکوں میں جاکر بیمار قیدیوں کی عیادت کی اور انکے مسائل کے بارے استفسار کیا۔فاضل جج صاحبان نے نوعمر اور خواتین کی بیرکوں کو بھی دورہ کیا اور خصوصی طور پر کچن اسیران کا معائنہ کرتے ہوئے مینیو کے مطابق قیدیوں کو فراہم کئے جانے والا کھانا ،چکن اور روٹی کا معیار و وزن بھی چیک کیا ۔ انہوںنے قیدیوں کے ساتھ جیل انتظامیہ کی نسبت و پر خلوص تعاون اور بہتر ین گھر جیسی سہولیات کی فراہمی پر سپرنٹنڈنٹ جیل اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صفائی ستھرائی و دیگر کے مزیدبہتر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔