پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان لائے گا۔ بشارت مرزا

کراچی : پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزا نے کہا ہے کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان لائے گا۔یہ بات انہوں نے نیو کراچی، گڈاپ ٹائون اور سرجانی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر علاقہ عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کی قوت برداشت پہلے ہی جواب دے چکی ہے۔

رہی سہی کسر موجودہ مہنگائی کی نئی لہر پوری کردے گی، انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث اپنے جگر گوشوں کے قتل اور خودکشیوں کا رجحان انتہائی خطرناک ہے، حکمران غریبوں کے درمیان آکر دیکھیں کہ کس طرح ایک مزدور اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے۔ اگر حکمران واقعی عوام کو ریلیف پہنچانے میں سنجیدہ ہیں تو غربت کے خاتمے کے لئے فوری ریلیف پیکیج کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی شرائط پر ملک میں مہنگائی کا طوفان کھڑا کرنے کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہونگے، قوم نے حکومت کومینڈیٹ مہنگائی ختم کرنے کے نعرے پر دیا تھا مگر ایسا لگ رہا ہے کہ مہنگائی ختم ہونے سے پہلے عوام ختم ہو جائیں گے۔

روز بروز پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو مشکلات اور پریشانیوں میں مبتلا کردے گا، انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اورآئی ایم ایف کی شرائط کبھی عوام کے مفاد میں نہیں رہیں حکومت فوری ان اداروں سے چھٹکارہ حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت انتخابی منشور میں مہنگائی ختم کرنے کے وعدے پورے کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی بلکہ اس کے برعکس مہنگائی میں بدترین اضافہ ہواہے، دو مہینوں میں مہنگائی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ اشیائے ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں عالم یہ ہے کہ متوسط طبقہ تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔

حکومت کو اس بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے فیصلوں نے چند مہینوں میں ہی عوام کی کمر توڑ کو رکھ دی ہے جس کے باعث عوام میں رہی سہی کسر ختم کرنے کے لئے کافی ہے، بشارت مرزانے کہا کہ یہ وقت تجربات کا نہیں بلکہ ٹھوس اور جامع پالیسی مرتب کرنے کا ہے جو عوام کوریلیف فراہم کرے جس سے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

بصورت دیگر حکومت بہت جلد اپنے مینڈیٹ سے ہاتھ دھوبیٹھے گی حکومت کو چاہیئے کہ عوام دشمن پالیسیوں کوختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور بے کس عوام کو کسی طرح تنہانہیں چھوڑا جاسکتا عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر ارشد مرزا، عبدالحمید مغل، ڈاکٹر ایس ایم حسین، علی بہادر خان، غلام صابر، قاری نذیرسیفی ،سلیم نیازی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔