لاہور (جیوڈیسک) لوک گلوکار عارف لوہار نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنی ثقافت کو فراموش کر دیتی ہیں وہ آنے والے وقتوں میں تاریخ کا حصہ نہیں ہوتیں ، میرے والد نے گلوکاری کے ذریعے پنجاب کی ثقافت کا جو دیا جلایا تھا اس کو میں نے روشن رکھا ہوا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ اس دیے سے اور بھی دیے جلائے جائیں تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کی ثقافت روشن ہو۔
انھوں نے کہا کہ لیجنڈ اداکاروں کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، جو کام میرے والد محترم عالم لوہار نے کیا تھا میں ان جیسا کام نہیں کر سکتا لیکن مجھے فخر ہے کہ میری شناخت میرے والد عالم لوہار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میں نے گلوکاری میں کوئی شاگرد نہیں رکھا لیکن جو سیکھنا چاہے اس کو میں ضرور سکھائوں گا ۔ عارف لوہار نے اس بات کی نفی کی وہ کسی فلم میں کام کر رہے ہیں ، جو کام میں اچھے طریقے سے کر لوں وہی میرے لیے بہتر ہے ۔