اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی امریکا سے واپسی کے موقع پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر استقبال کے دوران جیب تراش نے پروٹوکول افسر کی جیب پر ہاتھ صاف کردیے۔
عمران خان امریکا میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے تو ان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم کا استقبال کرنے والوں میں وفاقی کابینہ کے ارکان، خیبرپختونخوا اور سندھ کے گورنرز، دیگر پارٹی رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔
ایسے موقع پر جب وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا جارہا تھا تو ایک جیب تراش نے ہاتھ دکھاتے ہوئے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی)کے پروٹوکول آفیسر مقبول احمد کی جیب کاٹ لی۔
نامعلوم شخص نے مقبول احمدکی جیب سے 40 ہزار روپے اور ضروری کاغذات نکال لیے۔
پی آئی ڈی افسر نے تھانہ ائیرپورٹ چوکی میں واقعے کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست جمع کرادی ہے تاہم اب تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ اتوار کی سہہ پہر وزیراعظم عمران خان نیو یارک سے براستہ جدہ وطن واپسی پہنچے تھے۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد استقبال کے لیے آنے والے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ سب سے پہلے قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جس طرح انہوں نے دعائیں تاکہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کا کیس مشکل وقت میں اقوام متحدہ میں لڑ سکیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہو نا ہو لیکن پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، میں وعدہ کرتا ہوں کہ مودی کی فاشسٹ اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو بے نقاب کروں گا۔