اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نئے سال کی شروعات پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے، ہم نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے چیلنج پر خاصی حد تک قابو پا لیا ہے اور تیزی سے امن و خوشحالی کی منازل طے کر رہے ہیں۔
نئے سال کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ یہ سال پاکستاینوں کے لیے زیادہ خوشیاں اور کامیابیاں لائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ کمزوریوں پر بھی نظر رکھنا ہو گی، نئے سال کی خوشخبری ہمیں صبر اور رواداری کے ساتھ ایک بہتر قوم کے طورپر ابھرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، مجھے یقین ہے کہ آخر کار پاکستان ایک پرامن اور معاشی طور پر مضبوط ملک بن کر سامنے آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ میری حکومت پاکستان کی بہتر تعمیر کے لیے ایسے اقدامات کر رہی ہے جس سے ہمارا مستقبل شاندار ہو گا، نئے سال کی خوشی کے موقع پر میری سب سے بڑی خواہش ہے کہ پاکستان قومی مفادات کا تحفظ کرنے والی مفاہمت اور قومی اتحاد کی منزل سے ہمکنار ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ میری حکومت دل جمعی، ثابت قدمی اور سنجیدگی کے ساتھ ایسے منصوبوں پر عمل پیرا ہے جو قوم کو ترقی کی منزل پر لے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اس امید پر قوم کو نئے سال کی مبارکباد دی کہ نیا سال ملک و قوم کے لیے سب سے بہتر سال ثابت ہو گا۔