اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت درخواست گزار وں چوہدری شجاعت اور اسحاق خاکوانی کی جانب سے ان کے وکیل عرفان قادر نے مؤقف اختیار کیا کہ فوج کو ہم نے ثالث نہیں بنایا، غلط بیانی کر کے وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وزیر اعظم کو نا اہل قرار دیا جائے اور درخواست کے فیصلے تک انہیں کام سے روکا جائے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے وکیل عرفان قادر سے کہا کہ یہ مقدمہ پہلے دو مرتبہ پکارا گیا۔
آپ موجود نہیں تھے، جس پر عرفان قادر نے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ مقدمہ آؤٹ آف ٹرن کال کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ چوہدری شجاعت اور اسحاق خاکوانی نے وزیراعظم کے خلاف درخواستیں دے رکھی ہیں۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔