وزیراعظم ’مدر آف این آر او‘ علیمہ خان کو دے چکے ہیں: ن لیگ

Marriyum Aurangzeb

Marriyum Aurangzeb

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ این آر او اپوزیشن نہیں مانگ رہی بلکہ وزیراعظم مدر آف این آر او علیمہ خان کو دے چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا بلوکی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جس نے ملک کا دیوالیہ نکالا ان میں سے کسی کو نہیں چھوڑیں گے اور جو بھی سوچ رہا ہے کہ حکومت کسی کو این آر او دے گی تو وہ یہ سمجھے کہ اگر ہم این آر او دیں گے تو ملک سے غداری کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اپنے آپ کو شہنشاہِ معظم سمجھتے ہیں، کارکردگی کا پوچھو تو آگ بگولا ہو جاتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ این آر او اپوزیشن نہیں مانگ رہی، مدر آف این آر او آپ علیمہ خاں کو دے چکے ہیں۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈیل اور ڈھیل سلیکٹڈ وزیراعظم کے ہاتھ میں نہیں ہوتی، وزیر اعظم پارلیمان کو جواب دہ ہوتا ہے اور پارلیمان وزيراعظم کو جوابدہ نہیں۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان کی دھونس، دھمکیوں اور تڑیوں سے ڈرنے والی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت پارلیمنٹ کے اندر رہ کر پارلیمنٹ پر حملہ آور ہے، سوچی سمجھی سازش کے تحت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔