آواران (جیوڈیسک) وزیراعظم نے ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دے دی،نواز شریف کہتے ہیں کسی سے انتقام نہیں لیں گے، آواران کو ماڈل ضلع بنائیں گے۔
وزیراعظم نواز شریف آج زلزلے سے متاثرہ بلوچستان کے علاقے آواران پہنچے جہاں انہیں امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور میر حاصل بزنجو بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ناراض لوگوں سے انتقام نہیں لینا چاہتے، ہتھیار اٹھانے والے ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں۔ نواز شریف نے کہا کہ آواران کو ماڈل ضلع میں تبدیل کریں گے اور ضلع آواران میں شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے زلزلے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو مالی امداد دینے بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے لوگوں سے اپنے گھروں کو نہ چھوڑنے کی اپیل کی، اس سے پہلے وزیراعظم نے دورہ بلوچستان کے دوران زلزلہ متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔