وزیراعظم نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ 28 نومبرکو کرینگے، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈرون حملے سے مذاکرات کے عمل کو نقصان نہیں پہنچ سکتا، مذاکرات ہمارے اور طالبان کے درمیان تھے، کوئی تیسرا فریق حملہ کر کے نقصان نہیں پہنچا سکتا، وزیراعظم نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ 28 نومبر کو کریں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملا فضل اللہ کے حکم سے مذاکرات سے انکار کی خبریں میڈیا کے ذریعے ہم تک پہنچی ہیں، ہم تھوڑا وقت انتظار کریں گے، ہو سکتا ہے دوسری طرف سے وضاحت یا ترمیم آ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ 28 نومبر کو کریں گے، ہم نے سیکرٹ فنڈ ختم کر دیا ہے، اب سب اوپن فنڈ سے ہو گا، فنڈ کے اوپن استعمال سے نہ ہم شرمسار ہوں گے نہ آپ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو عدالتوں نے ضمانت دی ہے، ان کی رہائی نہیں ہوئی، مشرف کا نام ای سی ایل میں ہے، وہ ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔

پرویز رشید نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس زیر التواء ہے، تحقیقات ہورہی ہیں، اگر ہم آتے ہی مشرف کے خلاف کارروائی کرتے تو سب کہتے کہ ہم انتقامی کارروائی کر رہے ہیں، کراچی میں قانون کا ہاتھ مجرموں کے گریبانوں تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔