اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد اور وزیر اعظم اور آرمی چیف سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اے پی سی کا اعلامیہ دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ سے علیحدگی اور انسداد دہشت گردی کی مجموعی قومی پالیسی کی تشکیل کی ابتدا ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ اے پی سی کی قرار داد تحریک انصاف کی دہشت گردی سے نمٹنے کی حکمت عملی کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہمیشہ سے امن کو موقع دینے اور امریکی جنگ سے الگ ہونے پر زور دیتی رہی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ڈرون حملوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانا حکمت عملی کا اہم نکتہ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میاں نواز شریف اور جنرل کیانی سے ملاقات میں انہوں نے واضح کیا کہ فاٹا میں فوج بھیجنے کا فیصلہ غلط تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دہشت گردی کے خلاف جلد ایک مشترکہ حکمت عملی سامنے آئے گی۔