سانحہ لاہور: وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت سیاسی و عسکری قیادت کی شدید مذمت

General Qamar Javaid Bajwa - Nawaz Sharif

General Qamar Javaid Bajwa – Nawaz Sharif

لاہور/اسلام آباد (جیوڈیسک) فیروزپور روڈ پر ارفعہ کریم آئی ٹی ٹاور کے قریب خودکش دھماکے میں متعدد قیمتی جانوں کے ضیاع پر سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے اظہار افسوس کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور دھماکے کے متاثرہ خاندانوں سے اظہار افسوس کیا ہے اور پاک فوج کے دستوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمیوں کو بچانے اور جائے وقوعہ پر سکیورٹی امور میں مدد دینے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی، سابق گورنر پنجاب چودھری سرور، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، وزیر داخلہ چودھری نثار، وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی اور امیر جے یو آئی فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی رہنماؤں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔