آزاد کشمیر (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابی جلسے سے خطاب میں ایک بار پھر نام لیے بغیر سابق وزیراعظم نواز شریف پرتنقید کی ہے۔
باغ میں ہونے والے جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ جس پارٹی کے لیڈر کا پیسہ اور جائیداد ملک میں نہیں وہ کبھی آپ کیلئے اسٹینڈ نہیں لے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اُن کی بھی جائیداد اور پیسہ باہر ہوتا تو وہ امریکا کو کبھی ’ایبسولوٹلی ناٹ‘ نہ کہتے، ان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔
وزیراعظم نے مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا کہ سزا یافتہ اداکاری کرکے برطانیہ چلا جائے، عدالت ایک آدمی کو جیل میں ڈالے اور وہ ایسی اداکاری کرے جیسی بالی وڈ میں کوئی نہ کرسکے۔
وزیر اعظم نے سال کے آخر تک آزاد کشمیر کے تمام گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی شروعات ہے، غریب لوگوں کو پہلی مرتبہ پاکستان میں سستے قرضے دیے جارہے ہیں تاکہ لوگ اپنا کاروبار شروع کرسکیں اور نچلہ طبقہ اوپر آ سکے۔