پیرس (راجہ منظور جنجوعہ سے) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا یورپی دورہ نہایت کامیاب رہا ہے، انکے دورے سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم اور کشمیریوں کی روزمرہ کی مشکلات کے بارے میں تفصیلات یورپی ممبران ِ پارلیمنٹ تک پہنچی ہیں۔
وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری ،تھنک ٹینکس ،انسانی حقوق کی تنظیموں اور عوامی سطح پر سب کو آگاہ کردیا ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں جاری جبرو بربریت کا خاتمہ نہ ہوا اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ دیا گیاتو دوایٹمی قوتوں کے درمیان سے کسی بھی وقت بہت بڑاحادثہ پیش آسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن یورپ آزادکشمیر ونگ کے سیکریٹری جنرل چوہدری نعیم اختر نے وزیر اعظم فاروق حید رسے تفصیلی ملاقات کے بعد اپنے اخباری بیان میں کیا انہو ں نے کہا وزیر اعظم کا بیلجیم ،ہالینڈ اور جرمنی کا دورہ نہایت کامیاب رہا ہے اور انکے کامیاب دورے دوررس سفارتی اورسیاسی نتائج نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور انکے وفد میں شامل سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق اور راجہ جاوید اقبال نے اپنے دورے کے دوران مسلم لیگی کارکنوں اور عہدیداران سے تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں اور ان پر زور دیا ہے کہ یورپ میں رہتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کیلئے متحدہوکر آواز اٹھائیں ۔پاکستان مسلم لیگ ن فرانس آزادکشمیر ونگ کے صدر راجہ اشفاق حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کوتمام تر ظلم و ستم کے باوجود دبانے میں ناکام رہی ہے۔
وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی طرف سے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پربات کرنے اور وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کے دورہ یورپ میں ممبران پارلیمنٹ ،انسان حقوق کی تنظیموں اور سیاسی رہنماؤں کے سامنے بھارتی افواج کے مظالم کو ننگا کرنے کی وجہ سے بھارت بوکھلا گیا اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیااور آئے روز لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کررہا ہے مگر راجہ فاروق حید ر اور انکی حکومت بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتی رہے گی اور ایک دن بھارت کو کشمیریوں کو آزادی دینی پڑے گی۔
چوہدری نعیم اور راجہ اشفاق نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے مسلم لیگ ن کی طرف سے وزیر اعظم فاروق حیدر کو فرانس دورے کی دعوت دی ہے جو انہوں نے قبول کرلی ہے اور اگلے دورہ ء یورپ میں انشاء اللہ وزیر اعظم وفد کے ہمراہ فرانس کا دورہ کریں گے۔چوہدری نعیم نے وزیر اعظم فاروق حیدر اور سینئر وزیرچوہدری طارق فاروق کی طرف سے حوصلہ افزائی اور دعوت قبول کرنے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں آزادکشمیر ترقی کریگا اور مسلم لیگ ن آزادکشمیر اور بیرونی دنیا میں مقبول ترین جماعت بنے گی۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں برسلز میں مسلم لیگ ن یورپ کے سیکرٹری جنرل نعیم چوہدری اور ن لیگ فرانس آزاد کشمیر ونگ کے صدر راجہ اشفاق حسین کی قیادت میں وفد نے وزیر اعظم کو یورپ پہنچنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا تھا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی حالیہ لہر اور بھارتی مظالم پر وزیراعظم سے بڑی سیر حاصل گفتگو ہوئی تھی جس سے یورپ بھر میں بسنے والے کشمیری مسلم لیگیوں میں خوشی لہر دوڑگئی تھی کہ انکے وزیراعظم کو اپنے کارکنوں اورعہدیدار کا بہت خیال ہے۔