نیوجرسی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان واحد پاکستانی ہیں جن کا کوئی ذاتی کاروبار نہیں ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ کسی اور کا کاروبار بھی نہ رہے۔
عدنان صدیقی کی وزیراعظم عمران خان سے متعلق دئیے گئے بیان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں وہ مذاق ہی مذاق میں وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں، ملک میں بڑھتی مہنگائی اور غربت کے باعث ان پر تنقید کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
حال ہی میں عدنان صدیقی اور حرامانی نے امریکی ریاست نیوجرسی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وہاں موجود ضمیر چوہدری نامی شخص نے عدنان صدیقی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں پی ٹی آئی کی نمائندگی کرتے ہیں اور عمران خان کے ٹائیگر ہیں۔
جس پر عدنان صدیقی نے کہا کوئی کمال نہیں کرتے آپ۔ اسی وقت تقریب میں موجود اداکارہ حرا مانی نے کہا کوئی اچھا کام کریں یار، حرا مانی کی اس بات پر ہال میں موجود تمام لوگوں نے انہیں داد دی اور کہا زبردست۔
عدنان صدیقی نے اسی شخص کو مخاطب کرتے ہوئے کہا چوہدری صاحب میں آپ کو ایک بات بتانا چاہتا ہوں پھر انہوں نے کہا پہلے یہ بتائیں عمران خان سے کون کون محبت کرتا ہے؟ جس پر ہال میں موجود بہت سارے لوگوں نے ہاتھ کھڑا کرکے مثبت جواب دیا۔
بعد ازاں عدنان صدیقی نے کہا عمران خان واحد پاکستانی وزیراعظم ہیں جنہیں ہم نے منتخب کیا جس کا کوئی ذاتی کاروبار نہیں ہے یہ کمال کی بات ہے تالیاں ہونی چاہیئں اس پر، اور دوسری بات ہے وہ چاہتے ہیں کہ کسی اور کا بھی کاروبار نہ رہے۔ عدنان صدیقی کی اس بات پر ہال تالیوں اور قہقہوں سے گونج اٹھا۔