اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کی صدارت میں اسلام آباد ایئر پورٹ پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ، اجلاس میں اندرونی سیکیورٹی اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکورٹی خطرات اندرونی ہو یا بیرونی اب کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ۔
شرکا اجلاس نے امن و امان کی صورت حال اور گزشتہ روز عاشور کے موقع پر امن و امان پر اظہار کے علاوہ اندرونی سیکیورٹی اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار ، چیف سیکرٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب اور دیگر حکام بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ اجلاس آذربائیجان روانگی سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہوا ۔ دو روزہ دورے میں زراعت ، صنعت ، ٹیکسٹائل سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط ہو نگے ۔
وزیراعظم نواز شریف کا آذربائیجان کا یہ پہلا دورہ ہے جو وہ آذربائیجان کے وزیراعظم کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم اپنے ہم منصب اور صدر سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم آذربائیجان کے رہنماؤں سے دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارت، خطے کی صورتحال اور عالمی امورپر بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم جنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بات کریں گے۔