اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منگل کو بلانے اور تحریک انصاف اور عوامی تحریک کو ایک بار پھرمذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ حکومت نے سیاسی معاملات سلجھا نے کے لیے مذاکرات کاراستہ اختیار کیا، دونوں جماعتوں نے دھوکا دیا اور وعدہ خلافی بھی کی۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کااجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا جس میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے ریاستی اداروں پر حملوں کی مذمت کی گئی۔ سرکاری ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ریاستی عمارتوں کی حفاظت کے لیے پولیس کا کردار قابل تحسین ہے، کسی بھی جانی نقصان کے بغیر ان عمارتوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے سیاسی معاملات کو سلجھا نے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا، دونوں جماعتوں نے مذاکرات میں کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کی، تحریک انصاف اور عوامی تحریک غیر جمہوری راستہ ترک کر کے مذاکرات کی میز پر آئیں۔
وزیر اعظم نے وزیر اطلاعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ میڈیا کے متاثرہ کارکنوں کی مدد کریں اور ٹیکنیکل آلات کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کا طریقہ کار طے کیا جائے۔