وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ظلم کا خاتمہ، مظلوم کی حمایت اور انسانیت کی خدمت چودھری ظہورالٰہی شہید کا مشن تھا جسے ہم آگے بڑھا رہے ہیں

گجرات (جمیل احمدطاہر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ظلم کا خاتمہ، مظلوم کی حمایت اور انسانیت کی خدمت چودھری ظہورالٰہی شہید کا مشن تھا جسے ہم آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ شہید پاکستان کی برسی پر گجرات میں بہت بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں ملک بھر اور آزاد کشمیر کے علاوہ بیرون ملک سے ہر شعبہ زندگی کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ظلم چاہے کسی فرد، حکمرانوں یا حکومت کی طرف سے ہو اس کا خاتمہ ضروری ہے۔

ہم نے ملک کے اندر یا باہر کسی بھی ظالم اور زیادتی یا ناانصافی کا ساتھ نہیں دیا، عراق میں فوجیں بھجوانے کا معاملہ ہو یا افغانستان کا ہم نے ہمیشہ مخالفت کی، افغان مظلوم باشندوں کا ساتھ دینے افغانستان گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج لوگ ہماری پارٹی کے بارے میں پوچھتے ہیں لوگوں کی تعداد سے کوئی فرق نہیں پڑتا، چودھری ظہورالٰہی شہید کے زمانے میں ان کے ساتھ صرف سات ارکان تھے اور اس وقت کی حکومت کو ان کو ایوان سے نکالنے کیلئے طاقت کا استعمال کرنا پڑا، افراد کا اصول پسند اور اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ لوگ دن بدن بڑھتی مہنگائی کے باعث بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو بھول جائیں گے۔

بجلی کے بل دینے کی بجائے میٹر کٹوانے کو ترجیح دیں گے، مہنگائی اس قدر بڑھ رہی ہے کہ لوگ کہیں گے کہ ہم لالٹین جلا لیں گے مگر ہمیں روٹی تو ملے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے ایک صحافی نے پوچھا کہ موجودہ اور پچھلی حکومت میں کیا فرق ہے میں صرف اتنا کہوں گا پچھلی حکومت کچھ کرنا نہیں چاہتی تھی مگر موجودہ حکومت کچھ کر نہیں سکتی۔ چوھری پرویزالٰہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ چودھری ظہورالٰہی گجرات کی شان تھے، ہم دنیا کے کسی بھی خطے میں چلے جائیں لوگ فخر کے ساتھ گجرات سے اپنا تعلق بتاتے ہیں، چودھری ظہورالٰہی شہید کی جانب سے عوام کی شاندار رہنمائی کی بدولت گجرات کو عزت ملی، ہمارے خاندان کی ہمیشہ یہ ترجیح رہی ہے۔

کہ گجرات کی شان و شوکت اور وقار میں اضافہ کیا جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت امریکی ڈرون حملے تو بند نہیں کروا سکی لیکن عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے تو بند کر دے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے اور موجودہ دور حکومت میں مہنگائی، جرائم، بدامنی، روزگار کی فراہمی، ترقی کا موازنہ کر لیں، بجلی، گیس، آٹا، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں دن بدن ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے، ہمارا دور خوشحالی کا دور تھا، بے روزگاری کے خاتمہ کا دور تھا جبکہ آج خودکشیوں کا دور ہے۔

بدامنی، لاقانونیت، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، لوگوں کی جان، عزت مال اور گھر محفوظ نہیں۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے سانحہ پشاور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر مسیحی بھائیوں اور زلزلے میں ہونیوالے جانی نقصان پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اجتماع سے چودھری ظہیرالدین اور میاں عمران مسعود نے بھی خطاب کیا۔

جبکہ چودھری شفاعت حسین، چودھری فرخ الطاف، طارق عزیز، میاں منیر، عظیم نوری گھمن، ریاض اصغر چودھری، چودھری صالح محمد رانجھا، اکبر ابراہیم مذہبی وزیر آزاد کشمیر، نصیر سدھ، چودھری سعادت نواز، چودھری غلام سرور آف گولیکی، میاں پرویزاختر پگانوالہ، سید بلال حسین شیرازی، عبد اللہ یوسف، حنیف حیدری، صفدر وڑائچ، چودھری مظہر علی نت، چودھری نثار وڑائچ، حاجی معراج دین، ناصر محمود گل، حاجی شکیل، سجاد بلوچ، عظمت حسین سید، قاضی خالد سیف، چودھری اعجاز شاہ دولہ ٹائون، عدنان سیٹھی، ندیم ملہی، ملک آصف اعوان،
عامر فاروق، اجمل ضیاء چیمہ، شیخ وقار وحید سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔