اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے چین کی بڑی صنعتکار کمپنیوں کے سربراہوں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں انہوں نے کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پاور چائنا گروپ یان زی یانگ نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں توانائی ضروریات، سی پیک کے تحت جاری بجلی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا مضبوط بنیادوں پر عمل شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر شعبےکے لئے توانائی وسائل کی اشد ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی ترسیل، ٹرانسمیشن لائنز نظام بہتر بنانے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔
چینی پاور گروپ کمپنی نے جلد پاکستان کے دورے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
چیئرمین پاور چائنا گروپ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنےکیلئے بذریعہ سرمایہ کاری کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے توانائی شعبے میں چائنا زی یوبا گروپ کو سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے چائنا رینبو انٹرنیشنل انوسٹمنٹ کمپنی کی چیئرمین لی ڈیکین، چیئرمین چائنا ریلویز کنسٹرکشن کارپوریشن اور چیئرمین بینک آف چائنا گروپ نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے ہواوے کمپنی مڈل ایسٹ ریجن کے صدر چارلس یانگ کو ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور انسانی وسائل کی دستیابی سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان محفوظ سرمایہ کاری کیلئے مثالی ملک ہے، اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم کی چینی کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ عمران خان نے چینی کمپنیوں کے سربراہان کو حکومت کے سماجی و معاشی ایجنڈے سے آگاہ کیا جب کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر اطینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کے سی پیک سمیت کئی بزنس وینچرز میں شمولیت کو سراہا جب کہ چینی کمپنیوں کے سربراہوں نے بھی وزیراعظم کے وژن کو سراہا۔
اعلامیے کے مطابق چینی کمپنیوں نے پاکستان میں توانائی، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔