بیجنگ (جیوڈیسک) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی چن پنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے مسلسل سیاسی اور اقتصادی غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی پیش رفت پر بھی اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اس کی کامیابیوں اور پاکستان کیلئے اس کے زیادہ سے زیادہ ثمرات یقینی بنانے کی غرض سے اس کی جلد تکمیل کا عزم ظاہر کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ صدر شی کے ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کے وژن اور اس کے تحت اقتصادی راہداری کے اہم منصوبے سے خطے اور دنیا بھر کے لئے سازگار حالات اور خوشحالی کا حصول ممکن ہو گا۔عمران خان نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشترکہ مفادات، روایات اور عالمگیریت کے فروغ کیلئے چین کا ساتھ دے گا۔ انہوں نے صدر شی چن پنگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
صدر شی چن پنگ نے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے لئے پاک چین تعاون پر مبنی سٹریٹجک اشتراک عمل مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام اہم امور پر پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ چین کے صدر نے عمران خان کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پرتپاک استقبال عمدہ مہمان نوازی اور گرمجوشی کے اظہار پر چین کے صدر، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چین کے صدر کو اصلاحات کے چالیس سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی جس کی بدولت اس نے ترقی کی منزلیں طے کی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور وفاقی وزراء کے وفد کے ساتھ چین کا پہلا چار روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔