اسلام آباد (جیوڈیسک) دہشتگردوں کی جانب سے پشاور کے اسکول میں معصوم طلبا اور اسکول عملے کو نشانہ بنانے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے سزائے موت پر پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نواز شریف نے سانحہ پشاور کے بعد اقدام دہشتگردی میں ملوث افراد کو سزا دینے کے لئے پھانسی کی سزا پر پابندی اٹھانے کے احکامات جاری کئے جب کہ اس سے قبل سابق حکومت نے عالمی دباؤ پر پھانسی کی سزا پر پابندی عائد کی تھی۔
واضح رہے کہ عدالتوں کی جانب سے دہشتگردی میں ملوث متعدد قیدیوں کو سزائے موت کا حکم سنایا جا چکا ہے تاہم سزائے موت پر پابندی کے باعث اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا سکا تاہم اب وزیراعظم نے اس کی منظوری دے دی۔