پشاور (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نےآرمی پبلک اسکول پشاور کو یونیورسٹی اور 16 دسمبر کو ’قومی عزم تعلیم‘ کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
سانحہ پشاور کے ایک برس مکمل ہونے پر آرمی پبلک اسکول پشاور میں منعقدمرکزی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پشاور کے سانحے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ،ہمارے بچوں کے لہو نے مجھے ایک فیصلے پر پہنچادیاکہ ہم نےان کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔
نوازشریف نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں حاصل کی اور دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ،وہ دن دور نہیں جب ملک کو دہشتگردی سے پاک کردینگے۔
وزیراعظم کا کہناتھا کہ تعلیم کے دشمن انسانیت کے دشمن ہیں،دہشتگردکسی نرمی کے مستحق نہیں ،انہیں قوم کے مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے، نئی نسل کو روشن پاکستان دینگے ۔شہید بچوں کے لہو نے پاکستان کے مستقبل کا راستہ متعین کردیا ہے ، شہید بچے ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ،مجھے یقین ہے کہ وہ جنت کے باغوں میں آسودہ ہونگے،میں ان کے والدین کے دکھ کو سمجھتا ہوں، آج ہم سب شہید بچوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہاں آگ اور خون کے تماشے نہیں ہونگے ، اتفاق اور ہم آہنگی کے گیت ہونگے ،سولہ دسمبر2014ء کے المیے نے ہمیں اتحاد اور اتفاق کی لڑی میں پرو دیا ،یہ دن ہمارے لئے روشنی کا مینار ہے،اس دن کو حال اور مستقبل سے جوڑتا ہوں،ہم اس سے رہنمائی لیں گے۔
ہم نے اس واقعے کے بعد عزم کیا کہ ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرکے دم لیں گے ،غیرمعمولی حالات غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں،فوجی عدالتیں بنائیں ،نیشنل ایکشن پلان بنایا ،میں پوچھتا ہوں کیااب بھی وقت نہیں آیا کہ ہم تقسیم کی لکیریں ختم کرکے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں۔
ان کا کہناتھا کہ بلوچستان میں امن بحال کردیا ہے،کراچی کو جرائم سے پاک کرنے اور یہاں دیرپا امن لانے کی کوشش کررہے ہیں ۔