لاہور (جیوڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور حافظ سعید سمیت اہم شخصیات بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے نشانے پر ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے وزیر اعظم نواز شریف اور امیرجماعت الدعوة حافظ سیعد سمیت اہم شخصیات پر حملے کی منصوبہ بندی کی ہے لہٰذا ان تمام شخصیات کی سیکیورٹی فوراً ہائی الرٹ کردی جائے۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ان اہم شخصیات پر حملے کے لئے کالعدم تنظیموں کا سہارالیا جارہا ہے جن میں دہشت گرد وزیراعظم کی جانب سے مختلف پروجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر کارروائی کرسکتے ہیں جب کہ حافظ سعید پر بھی جلسوں کے دوران حملہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلے کی نقل تمام آئی جیز، سی ٹی ڈی اور وی آئی پی سیکیورٹی اداروں کو بھی بھجوادی ہے جب کہ مراسلے کے بعد وزیراعظم کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے اور حافظ سعید کی بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔