اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کی نااہلی پر تحریک انصاف آج یوم تشکر منا رہی ہے، پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں جاری ہیں، پارٹی قائدین کے لئے سٹیج تیار ہوگیا ، کرسیاں بھی پہنچا دی گئیں، رات کو شاندار آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
عمران خان نے جلسے کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ پاناما کیس کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف یوم تشکر منا رہی ہے جس کیلئے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں بھرپور جشن کی تیاری کی جا رہی ہے۔
جلسہ گاہ میں پارٹی قائدین کے لئے سٹیج تیار ہوگیا اور کرسیاں بھی لگ گئیں ۔ لائٹنگ سسٹم اور ساؤنڈ سسٹم بھی نصب کر دیا گیا ۔ پریڈ گراؤنڈ پی ٹی آئی کے پرچموں سے سجا ہے ، کھلاڑی آج جوش و جذبے کے ساتھ جشن میں شریک ہوں گے۔
عمران خان، پرویز خٹک اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ عمران خان نے کارکنوں سے خطاب میں سابق کھلاڑیوں کو پارٹی میں واپسی کی دعوت دی۔
کپتان کی آمد پر جڑواں شہروں کے کارکنان بھی پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔ خواتین بھی اپنے قائد کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے پوری تیاری کے ساتھ آئیں ۔ کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں آتشبازی کا مظاہرہ کرکے رنگ جمایا۔