اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹ کے ذریعے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ‘میرا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے میں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے’۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ان میں کورونا وائرس کی کم علامات ظاہر ہوئی ہیں۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر ظفر مرزا نے لوگوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔
واضح رہےکہ اب تک کئی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے زیادہ تر وائرس سے صحتیاب ہوئے جب کہ چند ایک وائرس کے سبب انتقال کر گئے۔