اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نواز شریف کے کسان پیکج کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سرداررضا محمد خان کی سربراہی میں وزیراعظم کے کسان پیکج سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی، اس موقع پر الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ سماعت کے دوران سیکرٹری اطلاعات اورسیکرٹری فوڈ سیکیورٹی نے کسان پیکج کی دستاویزات الیکشن کمیشن کو پیش کیں۔
سماعت کے دوران دونوں سیکریٹریزنے کہا کہ کسان پیکج بلدیاتی انتخابات پراثرانداز نہیں ہوگا، یہ ایک صوبے کے لئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لئے ہے، اس کی تیاری بلدیاتی الیکشن شیڈول سے پہلے شروع کی گئی اور یہ پیکج وفاقی بجٹ کا حصہ ہے۔ دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے کسان پیکج کا اعلان ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب کا کہنا تھا کہ کسان پیکج پرسیکریٹری فوڈ اینڈ سیکیورٹی اورسیکرٹری اطلاعات و نشریات نے اپنا نکتہ نظرپیش کیا ہے، جس کی روشنی میں کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو جلد سنادیا جائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کے کسان پیکج کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی اورسیکریٹری اطلاعات ونشریات کو طلب کیا تھا۔