اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم شریف مافیا کے فرنٹ مین کے سامنے بے بس ہیں، وہ اسحاق ڈار کو نہ ہٹا سکے ۔ فواد چودھری نے کہا حکومت مدت نہیں عدت پوری کر رہی ہے ، منتوں ترلوں سے حکومتیں نہیں چلتیں۔
کپتان نے شاہد خاقان عباسی پر پھر وار کرتے ہوئے انہیں کٹھ پتلی وزیر اعظم کہہ دیا۔ اپنے ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا وزیر اعظم شریف مافیا کے فرنٹ مین کے سامنے بے بس ہیں، انتہائی تعجب کی بات ہے وہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو نہیں ہٹا سکے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا اسحاق ڈار کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث اور اشتہاری ہیں۔
نواز شریف کو ڈر ہے کہ اسحاق ڈار پہلے کیطرح دوبارہ زبان نہ کھول دیں اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے نہ آجائیں۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا حکومت مدت نہیں عدت پوری کر رہی ہے۔
منتوں ترلوں سے حکومتیں نہیں چلتیں۔ فواد چوہدری نے کہا ملک کا وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کون ہے، جواب دینے والے کو وہ کروڑ روپے کا انعام دیں گے۔