کراچی (جیوڈیسک) شہر کی صورتحال پر وزیراعظم نواز شریف نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ٹیلی فون رابطہ کیا جس میں گورنر نے انہیں ایم کیو ایم کی جانب آپریشن پر تحفظات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نواز شریف اور گورنر سندھ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کراچی میں جاری آپریشن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جس پر وزیراعظم نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو فوری کراچی پہنچ کر شہر میں جاری آپریشن کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں پولیس کے ہاتھوں ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ہدایت کی تھی کہ وہ فہد عزیز پر پولیس کے تشدد سے متعلق رپورٹ پیش کریں جس میں وہ ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی سے بھی آگاہ کریں۔