کراچی (جیوڈیسک) ہٹو بچو،سائیڈ پکڑو ،ڈبل اے استاد، اٹھتے بیٹھتے، چڑھتے اُترتے،دھکے ،مکے، گھونسے لاتیں، دُھواں اگلتی ،چیختی چنگھاڑتی، ناکارہ بسوں اور ویگنوں میں بہت سفر کرلیا،کراچی والوں اب خوش ہو جاؤ۔
وزیراعظم نے تیزرفتارگرین لائن بس سروس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوگا،یومیہ3 لاکھ مسافرسفر کریں گے۔
وزیراعظم میاں نواز شریف نےسرجانی ٹاؤن سے نمائش تک گرین لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب انوبھائی پارک مِیں ہوئی جہاں وزیر اعظم کی آمد سے قبل ہی اطراف کی گلیوں کو بند کرکے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ۔
سترہ کلومیٹر سے زائد طویل اس منصوبے کی کل لاگت 16 ارب روپے ہے اور یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کیاجائے گا۔کراچی ریلیف پیکج کے تحت منصوبے کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
جب وزیراعظم نواز شریف کراچی پہنچے تو پی اے ایف بیس کراچی پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کو امن و امان سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں ۔فیصل بیس پر مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی ، سلیم ضیاء، علی اکبر ، شاہ محمد شاہ اورشمیم اختر بھی موجود تھے۔
میاں نواز شریف نے کراچی آمد کے بعد شہر میں امن و امان کے حوالے سے ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ، ڈی جی رینجرز ، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور سینیٹر پرویز رشید بھی شریک تھے۔