وزیر اعظم کی سربراہی میں قومی سلامتی کانفرنس آج ہو گی

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے قومی سلامتی کانفرنس آج طلب کر لی ہے جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ اور پارلیمنٹ میں پارلیمانی لیڈرز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

آرمی چیف اورڈی جی آئی ایس آئی آپریشن ضرب عضب پربریفنگ دیں گے۔وزیر اعظم نواز شریف نے سیاسی لیڈروں سے حالیہ ملاقاتوں میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے بریفنگ کے اہتمام کا وعدہ کیا تھا۔

حکام کے مطابق قومی سلامتی پرکانفرنس وزیر اعظم ہاؤس میں صبح 10 بجے ہو گی جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلی ٰ ، عمران خان سمیت پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

تاہم پاکستان عوامی تحریک کا کوئی نمائندہ پارلیمنٹ میں نہیں ، اس لیے اسے مدعو نہیں کیا گیا۔ کانفرنس میں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی شریک ہوں گی۔

حکام کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالسلام ، ڈی جی ایم او اور چیف آف جنرل اسٹاف بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کے علاوہ شرکاء کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع کا کہناہے کہ موجودہ سیاسی صورت حال میں ملک کی سیاسی وعسکری قیادت کا اجتماع بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پی ٹی آئی نے آج کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔