لاہور (جیوڈیسک) عالمی رہنماؤں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحتیابی کے پیغامات بھیجے ہیں، ملک بھر میں بھی دعائیہ تقریبات اور بکروں کے صدقات کا سلسلہ جاری ہے۔ شوبز شخصیات نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کیلئے عالمی رہنمائوں کی جانب سے نیک خواہشات کے پیغامات، ترک صدر طیب اردوان نے وزیر اعظم کو ٹیلی فون کیا۔ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے بھی وزیر اعظم نواز شریف کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے لندن سے نریندر مودی کو فون کیا۔ وزیر اعظم مودی نے انہیں جلد صحتیابی کی دعا دی ۔ وزیر اعظم نے خیریت دریافت کرنے پر بھارتی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے پوری قوم سراپا دعا ہے۔ سب رب کائنات کے حضور ان کی صحت اور لمبی عمر کیلئے دعائیں کر رہے ہیں۔
گورنر ہاؤس لاہور میں خصوصی تقریب میں وزیر اعظم کیلئے دعا کی گئی، تعلیمی اداروں میں بھی دعائیہ تقریبات ہوئیں ۔ شوبز سے وابستہ مشہور شخصیات نے وزیر اعظم نواز شریف کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملک بھر میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم برادری بھی وزیر اعظم کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے رحیم یار خان، خان پور، صادق آباد سمیت مختلف شہروں میں بکروں کا صدقہ دیا گیا، خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔