لندن (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی صحت بہتر ہونے لگی لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک سے ڈسچارج ہونے کے بعد گھر شفٹ ہو گئے۔ اسپتال سے نکلتے ہوئے انہوں نے اپنے استقبال کیلئےآئے لوگوں کا ہاتھ ہلا کر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم اسپتال کی سیڑھیاں خود اترے اور چل کر گاڑی میں گئے۔ اس موقع پر بیگم کلثوم نواز، حسین نواز اور حسن نواز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم نے کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کے فضل اور قوم کی دعاؤں سے تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
اس سے پہلے مریم نواز نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر وزیر اعظم کی صحت اور میڈیکل رپورٹس سے مطمئن ہیں۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو میں حسین نواز کا کہنا تھا وزیراعظم کو آپریشن کے بعد دی جانے والی بیشتر دوائیں بند کر دی گئیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق وزیر اعظم ایک سے دو ہفتے آرام کے بعد پاکستان جا سکتے ہیں۔ وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، جنید صفدر اور عرفان صدیقی نے بھی اسپتال میں ملاقات کی۔