اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم ہاؤس کا ایک ماہ کا بجلی کا بل 15 لاکھ 31 ہزار سے زائد نکلا۔
وزیراعظم عمران خان نے سادگی اعلان کے تحت وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ ملٹری سیکریٹری کے گھر رہائش پذیر ہیں۔
لیکن اس کے باوجود وزیراعظم ہاؤس کا ایک ماہ کا بجلی کا بل 15 لاکھ 31 ہزار سے زائد آیا ہے اور وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کا 9 کروڑ 97 لاکھ87 ہزار687 روپے کا نادہندہ بھی نکلا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کا واجب الادا بجلی کا بل 10 کروڑ 13 لاکھ 68 ہزار 420 تک پہنچ گیا ہے جب کہ وزیراعظم ہاؤس نے گزشتہ ایک ماہ میں 84 ہزار یونٹ استعمال کیے ہیں۔
آئیسکو کی ویب سائٹ پر وزیراعظم ہاؤس کا بجلی کا بل موجود ہے جب کہ وزیراعظم ہاؤس کے بجلی بل کی ادائیگی پی ڈبلیو ڈی کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے بجلی کا 5 لاکھ9 ہزار427 روپے کا آخری بل نومبر میں جمع کرایا گیا اور وزیراعظم ہاؤس کے جولائی، اگست اور ستمبر کے بجلی کے بل ادا نہیں کیے گئے۔