لندن (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کو آج آئی سی یو سے کمرے میں منتقل کئے جانے کا امکان ہے ، مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ تمام اہل خانہ خوش ہیں ، امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے اسحاق ڈار کو فون کر کے جبکہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو فون کر کے وزیر اعظم کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا ۔ وزیر اعظم ہارٹ سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے وزیر اعظم آئی سی یو سے آج کمرے میں منتقل ہو جائیں گے ۔ ان کا کہنا ہے وزیر اعظم کے تیزی سے صحت یاب ہونے پر تمام اہل خانہ بہت خوش ہیں ۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے لندن سے ویڈیو لنک پر اجلاس سے خطاب کے دوران ایک بار پھر وزیر اعظم کی صحت کے لئے دعائیں کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا۔
امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو فون کیا جس میں اپنے اور وزیر خارجہ جان کیری کی طرف سے وزیر اعظم کی خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے وزیر اعظم کی جلد مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ادھر مولانا فضل الرحمٰن نے میاں شہباز شریف کو فون پر وزیر اعظم کے کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ انہیں صحت عطا فرمائے اور وہ جلد از جلد وطن واپس آئیں۔