وزیراعظم عمران خان کا گرفتار بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ روز پاکستانی افواج کی جانب سے حراست میں لیے گئے بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو کل رہا کر دیا جائے گا۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کی خاطر گرفتار بھارتی پائلٹ کو کل رہا کر دیا جائے گا۔ عمران خان کے اس اعلان کو پارلیمانی رہنماؤں نے سراہا۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالات قابو سے باہر نہیں ہونے چاہیں ورنہ پاکستان کو جوابی اقدام کرنا ہوں گے۔

عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ بھارت پاکستان کے اس اقدام کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھے۔ انہوں نے کہا،’’ پاکستان چاہتا ہے کہ خطے میں امن اور استحکام ہو اور عوام کو غربت سے نکالا جائے‘‘۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری شدید کشیدگی کے حوالے سے اس وقت پاکستان کا مشترکہ پارلیمانی اجلاس جاری ہے۔ عمران خان کے مختصر خطاب کے بعد اس وقت آپوزیشن جماعت کے رہنما خطاب کر رہے ہیں۔

26 فروری کی صبح بھارت کے جنگی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو کر پاکستان کے علاقے جبہ میں بارودی مواد گرایا تھا۔ پاکستان کے مطابق اس کے طیاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں کو ملکی حدود سے باہر جانے پر مجبور کر دیا تھا۔

دوسری جانب بھارت نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کے جنگی طیاروں نے پاکستان میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملہ کرتے ہوئے اس تنظیم کے سینکڑوں ارکان کو ہلاک کر دیا تھا۔ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کے دو جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا تھا۔