اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے صاف و سبز پاکستان مہم کا آغاز اپنے ہاتھ سے کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان، پانچ سالوں میں یورپ سے زیادہ صاف دکھائی دے گا۔ وزیراعظم عمران خان اسلام آباد کے مقامی اسکول و کالج پہنچے اور علامتی طور پر جھاڑو دیا اور پودا لگایا۔
اس موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گلوبل وارمنگ سے متاثرہ ممالک میں پاکستان ساتویں نمبر پر آتا ہے لہذا پانچ سال میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف بنایا گیا ہے، جن کی بدولت ملک میں بارشوں کے نظام میں تبدیلی ممکن ہےاور زیر زمین پانی کی سطح اوپر آئے گی، پانچ سال بعد پاکستان ایک صاف ستھرا اور ہرا بھرا ملک ہو گا جب ہمارے لوگ یورپ جاکر آئیں گے تو انہیں ہمارا وطن یورپ سے زیادہ صاف دکھے گا۔
عمران خان نے کہا کہ لاہور میں آلودگی خطرناک سطح سے بھی بلند ہے، گندگی پھینک کر بچوں کا مستقبل تباہ کیا جارہا ہے، صفائی مہم کے ذریعے کچی آبادیاں بھی صاف کریں گے اور ان کے مکینوں کو گھر بناکر دیں گے، مجھے پاکستان کے نوجوانوں، اسکول کے بچوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرسبز پاکستان کا مطلب ماحول کی آلودگی صاف کرنا ہے، آج سے ملک بھر میں پودے لگانے کی مہم شروع کی جارہی ہے۔
کینسر ہسپتال کی چندہ مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے شوکت خانم اسپتال کے فنڈ کے لیے کراچی سے خیبر تک کے کالجوں کا دورہ کیا ، اور اس کی تعمیر میں سب سے زیادہ تعاون طالب علموں نے ہی کیا۔