اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے۔
وزیراعظم عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ افغانستان گئے ہیں جہاں کابل پہنچنے پر ائیرپورٹ پر افغان وزیر خارجہ حنیف اتمر نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ کابل گئے ہیں جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق اور سینئرعہدیدار بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان اپنے دورے میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل، تجارت اور معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔